تھرواننتاپورم 20؍مئی(ایس او نیوز)عصمت دری کی کوشش روکنے کی تدبیر کے طور پر کیرالہ کی ایک 23سالہ لڑکی نے ایک نام نہاد سوامی کا عضو تناسل ہی چاقو سے کاٹ دیا۔
تھرواننتا پورم سے ملنے والی خبر میں بتایا گیا ہے کہ کولم کے پانمنّا آشرم کے ایک سوامی ہری عرف گنیشا نندا تیرتھاپاڈا(54سال) کا لڑکی کے گھر گزشتہ پانچ سال سے آنا جانا تھا۔ وہ ان کے گھر میں کئی مرتبہ پوجاپاٹ کی کارروائیاں انجام دے چکا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ مبینہ طور پراس نے لڑکی کے ساتھ جنسی ہراسانی کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا تھا۔کہاجاتا ہے کہ تنگ آکر لڑکی نے گنیشا نندا کا عضو تناسل اس وقت کاٹ ڈالا جب اس نے عصمت دری کی کوشش کی۔سوامی کو زخمی حالت میں علاج کے لئے سرکاری میڈیکل کالج کے اسپتال میں داخل کیاگیا۔
اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ جب سوامی کو اسپتال لایا گیا تو اس کا عضو تناسل 90%کٹا ہوا تھا۔یورولوجی اورپلاسٹک سرجری ڈپارٹمنٹ میں اس کا ایمرجنسی آپریشن کیاگیا ہے۔دوسری طرف پولیس نے کیس رجسٹر کرنے کے بعد لڑکی کی ماں کو حراست میں لیا ہے ۔ اس کے علاوہ سوامی پر بھی POCSOقانون کے تحت کیس درج کردیا ہے۔